خلود وِلاز

حارث چودھری · · Prose

آئیے جیئیں ۔۔۔ آج سے آپ کی نئی زندگی شروع ہو گی ۔۔۔ ایک بے مثال رہائش ۔۔۔ نئے خواب ۔۔۔ ہر آرام ۔۔۔ باغ و بہار ۔۔۔سرسبز ۔۔۔ قدرتی ۔۔۔ خلود ۔۔۔ آپ کے خوابوں کی جنت ۔۔۔ جہاں زندگی سے کچھ زیادہ جیتے ہیں۔

خان صاحب کی آنکھ کھلی۔

رات کو کیا ہوا؟ خوف کی حالت میں ادھر ادھر دیکھنے لگے ۔ یقین نہیں آرہا تھا، لیکن احساس ہوا کہ کمر کا وہ درد جو روزانہ ان کو تنگ کرتا تھا موجود نہیں تھا۔ اور جوڑ جوڑ ڈھیلا اور ہلکا محسوس ہو رہا تھا۔ انہوں نے اپنے کندھوں کو ہلایا ، اور درد کے لئے تیار ہو گئے لیکن آج درد محسوس نہیں ہوا۔

کیا میں نے اپنا جرمانہ ادا کر دیا ہے؟ کیا میں رہا ہو گیا ہوں؟

وہ بستر میں اپنے آپ کو محسوس کرنے کی کوشش کرنے لگے۔

میں کہاں ہوں؟ یہ کیسی رات ہے؟ مجھے کچھ محسوس نہیں ہو رہا ہے۔۔۔لیکن یہ تو میرا ہی کمرہ ہے۔

خان صاحب نے غور سے دیکھنا شروع کیا۔ کیوں کہ اس کمرے میں کچھ عجیب سا تھا۔ سب کچھ تھا سوائے اپنائیت کے۔۔۔

چونے کی سبز رنگ کی دیواریں، ان کے بستر کے ساتھ ہی ایک کتابوں سے بھری ہوئی الماری۔ قرآن کے ترجمے، پرانی ڈائری، ریکارڈز، دستاویزات، ان کی بیٹیوں کی اسکول کی تصاویر، انگلینڈ میں کھینچی گئ ان کی تصاویر، تیل اور خوشبو کی بوتلیں، ایک گلدان، چار جنگ کیبلز کا گھونسلہ، اور ایک خط جو ان کے پوتے نے لکھا تھا۔ ٹی وی سیٹ، اور ان کی بیوی کے ہاتھ سے کڑھا ہوا غلاف۔ ایک گاؤ تکیہ سے آراستہ پرانا لکڑی کا تخت جو انہیں بہت عزیز تھا۔ پردے ان کی بیوی نے کئی سال پہلے بنوائے تھے۔ گولڈن کڑھائی کی پٹیوں کے ساتھ سبز اور بھوری رنگ کی پٹیوں کو ہلکے گلاب رنگ کے ساتھ رنگ دار کیا گیا تھا۔ لیکن کچھ مختلف تھا۔

میری میز پر یہ ایک شیشے کا پھیلاؤ تھا جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ اور دیواریں۔۔۔ وہ دراڑ جو پہلے باتھ روم کے دروازے سے کھڑکی تک جاتی تھی اب نہیں تھی۔ دوسرے کونے میں پانی کا سیم بھی غائب تھا۔ کیا ریاض نے مکان کی مرمت کی تھی؟ نہیں۔ یہ تو بالکل ناممکن تھا۔

اس نے نہ کبھی اس پرانے گھر پر توجہ دی، نہ اپنے ابو کے جینے کے انداز کی قدر کی۔ یہ گھر خان صاحب کا فخر تھا۔انہوں نے اپنی شادی کے بعد ہی اسے تعمیر کرایا تھا۔ اس کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاکہ پورا خاندان ایک ساتھ رہ سکے۔ریاض کے پیدا ہونے کے بعد انہوں نے دوسری منزل بنانے کے لئے قرض لیا۔ لیکن ریاض کو کوئی فرق نہیں پڑا۔

وہ ریاض کے بارے میں بہت مایوس رہتے تھے۔ ریاض اتنا عجیب اور جدید قسم کا آدمی تھا کہ اس کو اپنے نام سے بھی شرم آتی تھی اور وہ ریاض کے نام سے نہیں جایا جانا چاہتا تھا، بلکہ اس کے سب دوست اس کو R.A.K (ریاض احمد خان) کہتے تھے۔

یہاں شاید یہ بتانا ضروری ہے کہ خان صاحب اکثر چیزیں بھول جاتے تھے۔ رات کا کھانا کھانے کے فوراً بعد، وہ کھانا پھر منگواتے تھے۔ غسل خانے سے نکلتے ہی اپنے نوکر کو بتاتے کہ انہیں ابھی نہانا ہے۔ وہ کسی ایک ہی شخص کے ساتھ مہینوں کے لئے ہر روز ایک ہی گفتگو کر سکتے تھے۔ سب کچھ گڈمڈ ہو گیا تھا۔ چیزیں ایک دوسرے میں غائب ہو جاتی تھیں۔ لیکن کچھ چیزیں ایسی تھیں جو وہ کبھی نہیں بھولتے تھے۔ ان کے بچوں کے نام، ان کے والدین کی کہانیاں، ان کا روزمرہ کا معمول۔

خان صاحب نے ہلکی سی حرکت کر کے اپنے جسم کو ہلایا اور اٹھنے کی تیاری کی۔ یہ روز کا سب سے مشکل مرحلہ ہوتا تھا۔ مگر آج ایسا نہیں تھا۔ آرام سے وہ اپنے بستر پر اٹھ بیٹھے اور اپنا جسم کھڑکی کی طرف موڑ کے باہر دیکھنے کی کوشش کی۔ لیکن کھڑکی کے آگے مکمل پردہ تھا۔ کھڑکی اور پردے کی درمیانی درز سے لگ رہا تھا کہ باہر بہت روشنی تھی۔ لگتا ہے کہ آج آسمان صاف ہے اور سورج بہت تیز چمک رہا ہے۔

تصدیق کرنے کے لئے گھڑی کی طرف انہو نے دیکھا اور خوف زدہ ہو گئے۔ اچانک سے ان کو احساس ہوا کہ بہت خاموشی تھی، شدید سناٹا تھا۔ اٹھنے کے بعد ان کو کچھ سنائی نہیں دیا ۔ نہ پرندوں کی چہچہاہٹ، نہ گاڑی کا ہارن۔

مجھے اٹھنے میں دیر ہو گئی ہے۔۔ گیارہ ساڑھے گیارہ بجے ہیں۔ اس وقت تک سبزی والے کو آجانا چاہیے۔ بچے کیا کر رہے ہیں، وہ تو اس وقت پاس والے اسکول میں کھیل رہے ہونگے۔ اگر انہیں چھٹی تھی تو اخبار والا آیا ہوگا۔ اس نے مجھے سلام ہی نہیں کیا۔

گھبراہٹ شروع ہو گئی۔ دل کی دھڑکن تیز ہونے لگی۔ خان صاحب نے اپنا والکر پکڑ کر اٹھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے والکر پہ تھوڑا زور ڈال کر اپنے ہاتھوں کو حرکت میں لانے کی کوشش کی۔ وہ والکر گھسیٹ کر کھڑکی کی جانب بڑھے۔ چھوٹے چھوٹے قدم اٹھا کر وہ کھڑکی تک پہنچے اور والکر سے دایاں ہاتھ اٹھا کر پردہ ہٹایا۔ ایک دم بہت تیز روشنی ان کی آنکھوں میں پڑی۔ انہوں نے اپنے چہرے کو ہاتھ سے چھپایا۔ آنکھوں کو مسلتے ہوئے انہوں نے غور سے دیکھنے کی کوشش کی، اور ایک ان دیکھا منظر ان کی آنکھوں کے سامنے تھا۔

ایک خالی پڑا میدان، اور اس پر تیز روشنی چمک رہی تھی۔ اس کی شدت اتنی تھی کہ لگ رہا تھا کہ گرمیاں اپنےشباب پر ہیں۔ لیکن آسمان پورا سیاہ تھا۔

دور سے بس ایک ہی چیز نظر آ رہی تھی۔ ایک بڑا مینار، اور اس سے ملحق ایک باغیچہ۔ اس مینار کی محراب پر ایک آنکھ بنی ہوئی تھی جو گھور گھور کر ایک بڑے دروازے کی طرف دیکھ رہی تھی۔ اس دروازے کے تین حصے تھے،اورلگتا تھا کہ کوئی ہزار سال پرانی انگور کی بیل پتھر بن گئ ہے۔ وہ بڑا دروازہ بھی روشنی سے چمک رہا تھا۔ مینار سے دروازے تک، نا بندہ نابندے کی ذات۔

یہ کیسا منظر ہے؟ میں یہاں کیسے پہنچا ہوں؟

خان صاحب مسکرانے لگے۔ شاید انہیں بچپن کی کوئی کہانی یاد آئی۔ وہ اپنے بچپن کو یاد کر کے ایسے ہی مسکرایا کرتے تھے۔لیکن پھر ان کو کچھ اور یاد آیا، اور اچانک سے مسکراہٹ غائب ہوگئیی۔ خان صاحب خوف اور دہشت میں ڈوبنے لگے۔

هٰذَا مَا وَعَدَ الرَّحْمٰنُ وَصَدَقَ الْمُرْسَلُونَ

کیا یہ دجال کی آنکھ ہے؟ کیا یہ لق و دق بیابان میدانِ حشر ہے؟ کیا صور پھونکا جا چکا ہے؟ یہ روزِ قیامت۔۔۔

ان سوالات سے خان صاحب کے جسم میں کپکپی طاری ہو گئی۔ دروازہ کھلنے کی آواز خان صاحب کو سوالات کی یلغار سے باہر کھینچ لائی۔

“آپ جاگ گئے؟ وہ دوائی سے آپ کو بہت سخت نیند آئی تھی سر۔ مجھے لگا کہ آپ پوری رات سوتے رہ جائیں گے۔ شکر کہ آپ اٹھ گئے۔ صاحب تو کب کے نکل گئے تھے۔ آج پھر چلے گئے اپنے فرینڈز کے ساتھ۔”

بیڈشیٹ ٹھیک کر کے کہا “آئیں گے اب صبح ہوتے ہی۔ خود تو سوئیں گے نہیں، خیر میں ابھی آپ کا کھانا لیکر آتا ہوں۔” خان صاحب نے پریشانی کے عالم میں جیسے ہی کچھ پوچھنے کی کوشش کی، ان کی بات کاٹ دی۔

“ہاں ہاں سر میں نے ٹی وی بس بند کر دیا کیوں کہ آپ سو رہے تھے، لیکن میں ابھی آپ کے لئےکھانا لگاتا ہوں۔” ریموٹ کنٹرول پکڑ کےاس نے کہا۔

“ارے! یہ تو ریاض بھائی کی کمپنی کا اشتہار آ رہا ہے۔”

آئیے جیئیں، ایک نئی زندگی۔۔۔ کچھ نئے خواب۔۔۔ A.R.K ڈیولپرز۔۔۔آپ کے اعتماد کے ساتھ پیش کرتے ہیں خلود وِلاز۔